Raza-rabbani about parliament

حکومت پارلیمنٹ کو بتائے بغیر اہم اور اسٹریٹیجک فیصلے کررہی ہے، رضا ربانی

اسلام آباد: سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کا کہنا ہے کہ حکومت پارلیمنٹ کو بتائے بغیر اہم اور اسٹریٹیجک فیصلے کررہی ہے۔

سینیٹ اجلاس سے خطاب میں پیپلزپارٹی کے رہنما و سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے مختصر عرصے میں پارلیمنٹ کی اہمیت کو جان بوجھ کر کم کیا جارہا ہے اور ایوان میں غیر پارلیمانی اور توہین آمیز زبان استعمال کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پارلیمنٹ کو بتائے بغیر اہم اور اسٹریٹیجک فیصلے کر رہی ہے، حکومت نے امریکی وزیر خارجہ اور بعد کی ملاقاتوں پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں نہیں لیا۔

رضا ربانی نے مطالبہ کیا کہ حکومت، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مالی انتظامات کے حوالے سے پارلیمنٹ کو اعتماد میں لے اور اس مالی انتظامات کی شرائط سے آگاہ کرے، اگر یہ حساس نوعیت کی ہیں تو دونوں ایوانوں کا الگ الگ ان کیمرہ اجلاس بلایا جائے کیوں کہ ان معاہدوں کے پاکستان اور خطے کے لیے اسٹریٹجک نتائچ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے اول دورہ سعودی عرب سے پہلے پارلیمنٹ نے بیل آوٹ پیکج اور سعودی عرب کی جانب سے آئل ریفائنری کی تعمیر پر بھی اعتماد میں لینے کا مطالبہ کیا تھا جب کہ حکومت نے اب تک ایف اے ٹی ایف سے طے ہونے والی شرائط پر بھی پارلیمنٹ کو اعتماد میں نہیں لیا۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان گزشتہ دنوں سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچے تھے جہاں انہوں نے سعودی فرمانروا اور ولی عہد سے ملاقاتیں کی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں