Nawaz Sharif Maryam and safdar Punishment Cancellation Case

سپریم کورٹ میں نوازشریف، مریم اور صفدر کی سزاؤں کیخلاف نیب اپیل سماعت کیلئے منظور، رہائی برقرار

اسلام آباد:سابق وزیراعظم میاں نواز شریف ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر)صفدر کی سزا معطلی کے خلاف نیب کی اپیل سپریم کورٹ نے قابلِ سماعت قرار دے دی جب کہ عدالت نے تینوں کی رہائی کا اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے نوازشریف، مریم اور کیپٹن (ر) صفدر کی سزاؤں کے خلاف نیب کی اپیل پر سماعت کی۔سپریم کورٹ نے گزشتہ سماعت پر فریقین کو جواب جمع کرانے کا کہا تھا جس پر نیب اور خواجہ حارث کی جانب سے جواب جمع کرایا گیا۔

چیف جسٹس پاکستان نے خواجہ حارث سے کہا کہ آپ کا جواب کافی مفصل ہے، مختصر معروضات دیں، پھردیکھیں گے اس معاملے پر لارجر بینچ بنانا ہے کہ نہیں، یہ اصول دیکھنا ہے کہ اپیلوں کی سماعت سے پہلے سزا معطلی سے کیس کامیرٹ متاثر تو نہیں ہوا۔

جسٹس ثاقب نثار نے خواجہ حارث سے مکالمہ کیا کہ آپ کی ضمانت والا فیصلہ قائم رکھتے ہیں۔دوران سماعت خواجہ حارث نے اسفند یار ولی کیس کا حوالہ دیا جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ سزا معطلی کا معاملہ دیکھنا ہے، میرٹ آف دی کیس تو متاثر نہیں ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں