Nawaz-sharif-in-nab-court

العزیزیہ ریفرنس: احتساب عدالت نے نوازشریف کیلئے سوالنامہ تیار کرلیا

اسلام آباد: احتساب عدالت نے العزیزیہ ریفرنس میں نوازشریف کے لیے سوالنامہ تیار کرلیا۔
العزیزیہ ریفرنس کی گزشتہ سماعت پر نیب نے شواہد مکمل کیے تھے جس کے بعد عدالت نے سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کا بطور ملزم حتمی بیان ریکارڈ کرنے کا فیصلہ کیا۔

جیونیوز کے مطابق احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے نوازشریف کے لیے سوالنامہ تیار کرلیا ہے جس کی کاپی اسپیشل پراسیکیوٹر اکرم قریشی کو بھی دے دی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ احتساب عدالت کی جانب نوازشریف سے 100 سے زائد سوالات پوچھے جائیں گے اور انہیں یہ سوالنامہ جلد بھیج دیا جائے گا جس کی روشنی میں سابق وزیراعظم اپنا حتمی بیان دیں گے۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے احتساب عدالت کو سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنسز کا ٹرائل مکمل کرنے کے لیے 17 نومبر تک کی مہلت دے رکھی ہے۔
سپریم کورٹ کے پاناما کیس سے متعلق 28 جولائی 2017 کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے شریف خاندان کے خلاف 3 ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کیے، جو ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ سے متعلق ہیں۔

نیب کی جانب سے ایون فیلڈ پراپرٹیز (لندن فلیٹس) ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کے بیٹوں حسن اور حسین نواز، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو ملزم ٹھہرایا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں