Deputy governor-state-bank

منیر اے سلیم ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بنک نامزد

مسلم لیگ ن کی حکومت نےجاتے جاتے اسٹیٹ بنک میں بڑی تقرری کردی، منظورِ نظر بینکارمنیراے سلیم کو اسٹیٹ بنک کے ڈپٹی گورنر کے عہدے پر تعینات کردیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ نے منیر اے سلیم کی بطور ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بنک آف پاکستان کے عہدے پر تقرری کی منظوری دے دی ہے، گورنر اسٹیٹ بنک طارق باجوہ کو اس نئی تقرری سے آگاہ کردیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ اسٹیٹ بنک کے ڈپٹی گورنر کا عہدہ ریاض الدین ریاض نامی سابق ڈپٹی گورنرکی مارچ میں ریٹائرمنٹ کے بعد سے خالی تھا، منیر اے سلیم کی بطور ڈپٹی گورنر تقرری کا نوٹی فکیشن تاحال جاری نہیں کیا گیا ہے۔

سابق ڈپٹی گورنر ریاض الدین ریاض گزشتہ سال اپریل میں سابق گورنر اشرف وتھرا کے سبکدوش ہونے کے بعد  جولائی 2017 تک قائم مقام گورنر اسٹیٹ بینک کی ذمہ داریاں  بھی نبھا رہے تھے۔

 یاد رہے کہ منیر اے سلیم 2011 میں کے اے ایس بی بنک کے چیف ایگیکٹو آفیسر کے عہدے پر فائز رہے ہیں اور اس سے قبل سنہ 2006 تا 2009 وہ ایم سی بی بنک کے اہم انتظامی عہدوں پر بھی اپنی خدمات انجام دیتے رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں