CM-Sindh-Meet-CJP-in--karachi

وزیراعلیٰ سندھ کی چیف جسٹس آف پاکستان سےسپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں ملاقات

کراچی:وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آج سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔

واضح رہے کہ جسٹس ثاقب نثار نے گذشتہ روز مراد علی شاہ کو اپنے چیمبر میں ملاقات کے لیے بلوایا تھا۔ رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ چیف جسٹس نے منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں جے آئی ٹی کی جانب سے عدم تعاون کی شکایت پر وزیراعلیٰ سندھ کو بلایا تھا۔
چیف جسٹس کے چیمبر میں ہونے والی اس ملاقات میں ایڈووکیٹ جنرل سندھ، چیف سیکریٹری اور دیگر حکام بھی شریک ہوئے۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ چیف جسٹس سے ملاقات کافی اچھی رہی، جس کے دوران صوبے کے مسائل پر بات ہوئی۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ ‘چیف جسٹس نے مجھے وزیراعلیٰ بننے پر مبارکباد دی اور کہا کہ سندھ کے عوام نے اعتماد کیا ہے’۔

انہوں نے بتایا کہ ‘ہمارے کچھ مسائل تھے، جن سے چیف جسٹس کو آگاہ کیا گیا’۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کی شکایات کے حوالے سے بھی چیف جسٹس کو بتایا۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ‘معلومات دینا اداروں کا کام ہے، وزیراعلیٰ کا نہیں’۔

وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق ‘جے آئی ٹی نے ایری گیشن، ورکس اینڈ سروسز ڈپارٹمنٹ سے تفصیلات مانگی تھیں اور اس کے لیے 2 دن دیئے گئے تھے، اتنے وقت میں اتنا سارا دیٹا کیسے دیا جاسکتا ہے، ایسا تھوڑی ہوتا ہے کہ ایک بٹن دباؤ اور ریکارڈ مل جائے’۔

مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ ‘اگر مجھے انکوائری کے لیے بلایا گیا تو میں جاؤں گا’۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ چیف جسٹس نے کراچی میں صحت اور اسپتالوں کی صورتحال کو سراہتے ہوئے کہا کہ ‘کراچی کے اسپتال خیبرپختونخوا سے بہتر نظر آئے’۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس مشیر عالم اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل خصوصی بینچ نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے دوران اومنی گروپ پر 73 ارب روپے کے قرضوں کی مکمل تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے گودام اور بینک ریکارڈ بھی چیک کرنے کا کہا تھا۔

چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا تھا کہ جب تک ایک ایک ریکارڈ جے آئی ٹی کو نہیں مل جاتا، میں کراچی میں بیٹھا ہوں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں