ہوشیار رہیں آ پ کے اور نبی ﷺ کے تعلق کو کاٹنے کی کوشش کی جارہی ہے۔امام کعبہ

امام کعبہ شیخ صالح بن محمد ابراہیم آل طالب نے کہا ہے کہ ہوشیار رہیں آ پ کے اور نبی ﷺ کے تعلق کو کاٹنے کی کوشش کی جارہی ہے،اسلام پوری انسانیت کیلئے خیر کا دین ہے،اسلام کا تعلق کسی دہشتگردی یافرقہ واریت سے نہیں ہے، دہشت گردی ملکوں کی معیشت کو مفلوج کرتی ہے،پورے عالم کے مسلمان پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں اور ان کو کی پاکستان سے امیدیں وابستہ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نوشہر ہ میں جمعیت علمائے اسلام کے صد سالہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امام کعبہ نے کہا کہ یہ امت بہت مشکل وقت سے گزر رہی ہے،ہمیں متحد ہوکر مقامات مقدسہ کی حفاظت کرنی چاہیے، اسلام امن اورسلامتی کادین ہے، مدارس لوگوں کو دہشتگردی سے دور رکھنے کا درس دے رہے ہیں،دنیا بھر میں پھیلے مدارس خیر کاسبب ہیں۔شیخ صالح بن محمد ابراہیم کا کہنا تھا کہ اس اجتماع نے انسانیت کو اتحاد، سلامتی اور امن کا پیغام دیاہے، حکومت پاکستان کے دفاع حرمین کیلئے غیرمتزلزل مؤقف پرمشکور ہیں، پاکستان امت مسلمہ کی حفاظت کیلئے بھرپور کردار ادا کرنیکی صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اجتماع سے قرآن پاک کی آیت کا یہ پیغام ہے کہ آپس میں مت الجھو، اجتماع کا ہیلی کاپٹر سے جائزہ لیا اور انتظامات،نظم و ضبط کو دیکھ کر بہت خوش ہوں،اجتماع نے امن اور سلامی کا پیغام دیا،اسلام امن اور رحمت کا دین ہے،علمائے کرام نبی ﷺ کی تعلیمات کو لیکر آگے بڑھیں اور علماء کی اس تکریم کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،مقامات مقدسہ کی حفاظت اور آپس میں رابطے کو مضبوط بنائیں اور آج کا پیغام ہے کہ آپس میں مت الجھو۔امام کعبہ نے خطاب کے بعد دعا کرائی اور نماز بھی پڑھائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں