کوئی سازش نظر نہیں آرہی، میاں صاحب استعفیٰ دے دیں، قمر زمان کائرہ

نیوز ویوز(اسلا م آباد) پیپلزپارٹی کے رہنما قمرزمان کائرہ نے کہا ہےکہ میاں صاحب اب بھی وقت ہے استعفیٰ دے دیں ہمیں کوئی سازش نظر نہیں آرہی اس لیے گھٹ گھٹ کر مرنے سے بہتر ہے قوم کو راز بتادیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ میاں صاحب قوم کوسامنے آکر بتائیں کون سازشیں کررہا ہے، آپ رازبتائیں ہم بیٹھے ہیں، جمہوریت کو بچالیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں کہیں کوئی سازش نظر نہیں آرہی، اگر سازش ہے تو پیپلزپارٹی اس کے خلاف کھڑی ہوگی، میاں صاحب آپ بے فکر رہیں جمہوریت بچانے کے لیے ہم ہیں، گھٹ گھٹ کر مرنے سے بہتر ہے قوم کو راز بتادیں۔

قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ جب آپ پھنس جاتے ہیں تو مظلومیت کا رونا شروع کردیتے ہیں،  میاں صاحب باہر مت دیکھیں اپنی صفوں میں برادران یوسف ڈھونڈیں۔ انہوں نے کہا کہ میاں صاحب آپ نے بی بی شہید کے خلاف سازشیں کیں، آج آپ کو ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو یاد آرہے ہیں، بی بی نے کہا تھا کہ وقت آئے گا جب نوازشریف مجھے اور میرے والد کو یاد کرکے روئے گا۔

پی پی رہنما نے کہا کہ 1970 میں 10 مرلے کی بھٹی سے اربوں ڈالر کا سرمایہ کیسے ہوگیا، میاں صاحب کو اربوں روپے کے تحفے ملتے ہیں، اربوں کی جائیدادیں نکلیں، بچے بادشاہ بن جائیں اورآپ کہیں کہ سازش ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا میاں صاحب کہہ رہے ہیں جوڈیشل 58 ٹو بی لگ رہی ہے یہ الزام پی پی لگاتی تواسے پھانسی لگ چکی ہوتی اور ہم پر آرٹیکل 6 کے تحت مقدمات ہوجاتے۔

قمر زمان کا کہنا تھا کہ عدلیہ کیس سن کرآپ کے خلاف سازش کررہی ہے تو بھی بتائیں، میاں صاحب کی کوشش ہے کہ عدالت سے لڑائی ہو جائے، میاں صاحب آپ کے خلاف کیس چل رہا ہے اور ثبوت آرہے ہیں، جے آئی ٹی کو گالیاں دینے سے کام نہیں چلے گا رپورٹ کو ثبوتوں کیساتھ مسترد کریں، میاں صاحب اب بھی وقت ہے استعفیٰ دے دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بیگ بھیج کرججوں کے خلاف کرائے گئے فیصلوں کا راز کھول دیں، ایل این جی کی ڈیل اور بادشاہوں سے دوستی کا راز کھول دیں، سپریم کورٹ پر حملہ کرنے کا راز بھی کھول دیں۔ان کا کہنا تھا کہ مودی سے دوستی کا کیا راز ہے بتا دیں، وہ مسلمانوں کو قتل کر رہا ہے، اسامہ بن لادن سے پیسا لے کر جمہوری حکومت گرانی کی کوشش کی وہ راز بھی بتا دیں۔

ہر جگہ ہر وقت باخبر رہنے کے لیے وزٹ کریں

www. newsandviews.com.pk

Twitter:  newsandviewspak

Facebook:  newsandviewspkccdgdf

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں