کلبھوشن یادیو کو ملکی قانون اور آئین کے مطابق سزا دی جائے گی. چودھری نثار علی خان

پشاور: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ کلبھوشن یادیو دہشتگردی کا ارتکاب کرتے ہوئے پاکستان سے گرفتار ہوا ہے اور اسے ملک کے قانون اور آئین کے مطابق ہی منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
وارسک میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کے عوام قومی سلامتی سے متعلق معاملات میں متحد ہیں، جہاں ابہام نہیں وہاں ابہام پیدا نہ کیا جائے، کلبھوشن کے حوالے سے بھی کسی قسم کا کوئی ابہام نہیں، وہ غیر ملکی ایجنٹ اور جاسوس ہے، وہ پاکستان میں دہشتگردی کی کئی وارداتوں کا مرتکب ہوا ہے اور اگر اسے وقت پر نہ پکڑا جاتا تو اور زیادہ تباہی کا مرتکب ہوتا، پاکستان اس کے تمام معاملات ایک جاسوس کے طور پر اپنے ملک کے آئین اور قانون کے مطابق حل کرے گا۔ اسے پاکستان کے قانون اور آئین کے مطابق ہی منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
اس سے قبل فرنٹیئر کور کے ایک ہزار 256 جوانوں کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ ایف سی کوئی چھوٹی موٹی فورس نہیں اس کی سوسال سے زائد پرانی تاریخ ہے، اس تاریخ میں اس خطے کے سیکڑوں جوانوں اور افسروں کا خون شامل ہے، آپ کو غازیوں اور شہیدوں کی فورس کے نئے معیار قائم کرنے ہیں۔ آپ صرف ایف سی کے سپاہی نہیں بلکہ اسلام اور وطن عزیز کے سپاہی ہیں۔ آپ اس ملک کے محافظ ہیں جو اللہ اور اس کے رسول کے نام پر حاصل کیا گیا۔ آپ کو اس ملک سے شر کو ختم کرنا ہے۔
چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ اللہ کو فساد سخت ناپسند ہیں، چند مٹھی بھر لوگوں نے پچھلے 15 ،20 برسوں سے اس پرامن ملک میں طوفان برپا کر رکھا ہے، یہ لوگ اسلام کے نام پر معصوم بچوں ، خواتین اور بے گناہ شہریوں کو قتل کرتے ہیں، وہ نام تو اسلام کا استعمال کرتے ہیں لیکن وہ کفار سے پیسہ لے کر فساد کرتے ہیں، آپ کو ان لوگوں کا مقابلہ کرنا ہے جن کا کام فساد ہے، جو ہمارے دشمنوں سے پیسہ لیتے ہیں اور نام اسلام کا لیتے ہیں، انہوں نے اسلام کو بدنام کردیا ہے۔ آپ کو اپنے زور بازو سے ان کا قلع قمع کرنا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت ملکی دفاع پر غافل نہیں، حکومت نے اپنے دور حکومت میں ایف سی سمیت دیگر سول آرمڈ فورسز کی تشکیل نو کے لیے 80 ارب روپے سے زائد رقم خرچ کی ہے، گزشتہ 6 ماہ میں ایف سی کے 14 ہزار جوانوں کی تربیت ہوئی ہے اور یہ آگے بھی جاری رہے گی، ہمیں آئندہ 2 سے 3 ماہ میں 32 نئے ونگز بنانے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں