پاک فوج نے بھارتی فوجیوں کی لاشوں کو مسخ کرنے کا الزام مسترد کردیا

آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ رات لائن آف کنٹرول پرراولا کوٹ پونچھ سیکٹرمیں پاک فوج کے کمانڈر نے بھارتی ہم منصب سے ہاٹ لائن رابطہ کیا۔
آئی ایس پی آرکے مطابق بھارتی حکام کوبتایا گیا کہ بھارتی میڈیا پاکستان پرغیرضروری الزام لگا رہا ہے اوربھارت کی جانب سے اس معاملے پر دانشمندی کے اظہار کی امید ہے، پاکستان کنٹرول لائن پرپُرامن ماحول کے لیے پُرعزم ہے اورتوقع ہے کہ بھارت بھی ایل اوسی پر امن کو متاثرکرنے والا کوئی اقدام نہیں کرے گا۔
دوسری جانب پاکستان اوربھارت کے ڈائریکٹرجنرل ملٹری آپریشنز کے درمیان بھی آج معمول کا ہاٹ لائن رابطہ متوقع ہے، جس میں لائن آف کنٹرول پرجنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد اور بھارتی اشتعال انگیزی پر بات کی جائے گی۔
واضح رہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے گزشتہ روز الزام عائد کیا گیا تھا کہ پاک فوج نے ایل او سی پر قائم بھارتی فوج کی 2 چوکیوں پر مارٹرگولوں اورراکٹ سے حملہ کیا اوربعد میں چوکیوں کے درمیان گشت کرنے والے 2 فوجیوں کو ہلاک اور ان کی لاشیں مسخ کردی ہیں۔ پاک فوج نے بھارت کے اس مکروہ الزام کی سختی سے تردید کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا تھا کہ پاک فوج ایک اعلیٰ ترین اور پیشہ وارانہ فورس ہے، وہ کسی فوجی یہاں تک کہ بھارتی فوجی کی بھی تضحیک نہیں کرے گی لہٰذا بھارتی سپاہیوں کی لاشوں کے عضو کاٹنے کا بھارتی الزام بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں