وزیراعظم نواز شریف کی صدارت میں مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس

اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہم عوام کے جواب دہ ہیں، ہر صورت میں اصلاحات کا ایجنڈا مکمل کریں گے۔
پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، جس میں موجودہ حکومت کی جانب سے پیش کیے جانے والے پانچویں اور آخری بجٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیر خزانہ اسحاق ڈار مسلم لیگ (ن) کے ارکان پارلیمنٹ کو بجٹ کے خدو خال پر بریفنگ دی جب کہ بجٹ کو عوام کو ریلیف دینے کے لیے ارکان کی تجاویز بھی لی گئیں۔
اجلاس کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ 2013 میں ہمیں بڑے مسائل ورثے میں ملے ۔ ہم نیک نیتی کے ساتھ کام کررہے ہیں کیونکہ ہم عوام کے جواب دہ ہیں، ہر صورت میں اصلاحات کا ایجنڈا مکمل کریں گے ، ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر اور مستحکم ہوئی ہے ، پورے ملک کو موٹر وے اور سڑکوں کا جال بچھا کر جوڑ دیا گیا ہے ،فاٹا ، گلگت بلتستان کی دیگر صوبوں کیطرح مساوی ترقی کے اقدامات کر رہے ہیں ۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار ایک ہزار ارب روپے سے زائد کا ترقیاتی بجٹ مختص کیاجا رہاہے۔ اب قوم فیصلہ کرے گی کہ کس نے کار کردگی دکھائی اور کس نے کچھ نہیں کیا، ہم نے بہت محنت کی اور اس کے نتیجے میں آج منصوبے تیزی سے مکمل ہو رہے ہیں، آئندہ چند ماہ میں 3600 میگا واٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل ہوجائے گی۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار آج قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال کے لیے بجٹ پیش کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں