وزیراعظم نوازشریف سعودی عرب پہنچ گئے

وزیراعظم نوازشریف 3 روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ہیں جہاں سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہونے والی امریکا عرب سربراہ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم اپنے خطاب میں شرکا کو خطے میں دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کامیابیوں سے آگاہ کریں گے۔ وزیراعظم کے ہمراہ ان کی اہلیہ کلثوم نواز، صاحبزادے حسین نواز، مشیر خارجہ سرتاج عزیز، مشیر قومی سلامتی امور ناصر جنجوعہ، سیکرٹری فواد حسن فواد اور ایڈوکیٹ اکرم شیخ بھی موجود ہیں۔
وزیراعظم نوازشریف سعودی عرب کی جانب سے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے ہونے والی تقریب اور اسٹیٹ بینکوئٹ میں بھی شریک ہوں گے جب کہ وزیراعظم 22 مئی کو مدینہ منورہ جائیں گے اور 23 مئی کی ان کی وطن واپسی ہو گی
واضح رہے ریاض میں ہونے والی کانفرنس میں 55 اسلامی ممالک کے سربراہان شریک ہوں گے جب کہ امریکا کی نمائندگی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کریں گے۔ اجلاس میں دنیا سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں