وزارت مذہبی امور نے لیبر کوٹہ کے تحت حج کے لیے نامزد کیے گئے کم تنخواہ دار ملازمین کے کوائف طلب کر لیے ہیں

وزارت مذہبی امور نے لیبر کوٹہ کے تحت حج نامزدگیاں 22مئی تک طلب کر لیں
وزارتِ مذہبی امور نے حج پالیسی کے لیبر کوٹہ کے تحت سرکاری محکموں اور پرائیوٹ کارپوریٹ اداروں کی طرف سے حج کے لئے نامزد کئے جانے والے کم تنخواہ دار ملازمین کے کوائف خصوصی پروفارما پر22مئی تک طلب کر لئے ہیں – ان ملازمین کے حج اخراجات کی ادائیگی متعلقہ محکموں/ پرائیوٹ کارپوریٹ اداروں کی طرف سے کی جائے گی تا ہم کسی شخص کو سرکاری اخراجات پر حج کرنے کی اجازت نہیں ہو گی ۔ سرکاری اداروں کو اس بات کا سرٹیفکیٹ دینا ہوگا کہ ان کے نامزدکردہ ملازم کے اخراجات حکومتی بجٹ سے ادانہیں کئے جا رہے ۔ کوائف جمع کروانے کے لئے پرفارما وزارت ِ مذہبی امور کی ویب سائٹ www.hajjinfo.orgپر دستیاب ہے ۔ محدود نشستوں کے پیش نظر وزارتِ مذہبی امور ان درخواستوں کا کیس ٹو کیس بنیاد پر جائزہ لے گی ۔ اس پالیسی کے تحت کوئی افسر اس کوٹے سے مستفید نہیں ہو سکتا ۔ اس کے علاوہ کم تنخواہ والے ملازمین کے اہل خانہ میں سے خواتین کے محرم کے سوا کوئی اور شخص نامزدگی حاصل نہیں کر سکتا ۔وزارت مذہبی امور نے اس سلسلے میں تمام وفاقی وزارتوں و ڈویژنوں ‘چاروں صوبوں‘آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹریوں اور ورکرز ویلفیئر فنڈ کے سیکرٹری کو خصوصی مراسلہ ارسال کردیا گیا ہے ۔ مقررہ تاریخ کے بعد وصول ہونے والی درخواستیں زیر غور نہیں لائی جائیں گی ۔ ٭٭٭٭٭

 کوٹہ نہ رکھنے والے حاجیوں کی بکنگ نہ کریں ورنہ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی 

جبکہ دوسری جانب ڈائریکٹر حج نے کہا ہے پرائیویٹ سکیم کے تحت حج پر جانے کے خواہشمند صرف کوٹہ ہولڈر کمپنیوں کو رقوم جمع کروائیں گے۔

ڈائریکٹر حج لاہور سعید احمد ملک نے حج کوٹہ نہ رکھنے والے افراد کو خبردار کیا ہے کہ حاجیوں کی بکنگ ہرگز مت کریں ورنہ ان کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی ۔کوٹہ ہولڈر حج گروپ آرگنائزرز کے سوا کسی شخص کو حاجیوں کی بکنگ اور ان سے رقم جمع کرنے کی اجازت نہیں‘کوٹہ نہ رکھنے والوں کی طرف سے ایسا کرنا سراسر غیر قانونی ہے ۔ ایسے افراد یا کمپنیوں کے بارے میں فوری طور پر قریبی پولیس سٹیشن‘ایف آئی اے ‘قریبی ڈائریکٹر حج یا وزارت مذہبی امور کواطلاع دی جائے ۔ وزارت کی ہدایت پر ملک بھر میں تمام حج ڈائریکٹوریٹس کی طرف سے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز کو اس سلسلے میں مراسلہ ارسال کردیا گیا ہے -پرائیویٹ سکیم کے تحت حج پر جانے کے خواہشمند افراد صرف کوٹہ ہولڈرگروپ آرگنائزرز کو ہی رقوم جمع کروائیں جن کی فہرست وزارت کی ویب سائٹ www.hajjinfo.orgپر دستیاب ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں