ملک بھر میں یوم سیدنا علی مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے

نیوز ویوز(کراچی): ۲۱ رمضان المبارک خلیفہ چہارم حضرت علی کی شہادت کا دن ہے جب ایک خارجی ابن ملجم نے دورانِ امامتِ نماز پیچھے سے حملہ کر کے اتنا شدید زخمی کیا کہ وہ جانبر نہ ہو سکے اور شہادت کے درجے پر فائز ہوئے۔ آج ملک بھر میں یوم علی مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔ کراچی میں یوم علی کی مرکزی مجلس اعزا و جلوس نشترپارک میں آج صبح11بجے ہوگی جبکہ دوپہر1بجے یوم علی کا مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہوکر نمائش چورنگی پہنچے گا۔

جلوس کے شرکاء نمائش چورنگی پر نماز ظہرین ادا کریں گے جس کے بعد جلوس مرکزی راستوں سے ہوتا ہوا کھارادر، حسینیاں ایرانیاں امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔

یوم علی کے موقع پر شہر میں 24گھنٹوں کے لیے ڈبل سواری پر پابندی رہے گی اور جلوس کے مقررہ راستوں پر موبائل فون اورسیلولر ڈایوئسز بند رکھنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔

کراچی میں یومِ علی کے جلوس کی وجہ سے ایم اے جناح روڈ اور اطراف کی سڑکیں ٹریفک کیلئے بند رہیں گی۔

پولیس نے یوم حضرت علی کے مرکزی جلوس کا سیکیورٹی پلان مرتب کرلیا ہے۔شہر کے مختلف علاقوں سے چھوٹے بڑے 122 جلوس نکالے جائیں گے۔جبکہ 834مجالس بھی منعقد کی جائیں گی۔

مرکزی جلوس کی سیکیورٹی پر 5 ہزار 5 سو 70 پولیس اہلکار جبکہ رینجرز کے جوان بھی تعینات ہونگے۔ جلوس کے راستے میں آنے والی بلند عمارتوں پر بھی پولیس اور رینجرز نفری تعینات ہوگی۔

جلوس کے موقع پر ٹریفک پلان بھی تیار کیا گیا ہے جس کے تحت نمائش چورنگی، ایم اے جناح روڈ، ایمپریس مارکیٹ ، بولٹن مارکیٹ اور اطراف میں سڑکیں ٹریفک کے لئے بند رہیں گی۔

اولڈ سٹی ایریا سے آنے والے افراد سولجر بازار سے کوسٹ گارڈز ہیڈ کوارٹرز ،جوبلی اور پھر گارڈن کی جانب راستہ اختیار کر سکتے ہیں۔

ناظم آباد سے آنے والے ٹریفک کو لسبیلہ سے نشتر روڈ اور گارڈن کی طرف جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

لیاقت آباد سے آنے والا ٹریفک مارٹن روڈ سے جیل چورنگی، کشمیر روڈ اور شارع قائدین سے ہوتا ہوا شارع فیصل کی طرف جاسکتا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق جلوس کی سیکیورٹی کے لیے 5ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے اور اطراف کے راستوں کو کنٹینرلگا کر بند کردیا گیا ہے۔

ملک کے دیگر اہم شہروں جیسے لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ اور پشاور میں بھی سیکیوریٹی ہائی الرٹ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں