مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس وزیراعظم کی زیر قیادت جاری

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس جاری ہے.
وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کے علاوہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار،وزیر پانی وبجلی خواجہ آصف، وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ، وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال اور وزیر پیٹرولیم شاہد قاخان عباسی شریک ہیں۔

اجلا س کا ایجنڈا 12 نکات پر مشتمل ہے جس میں نیشنل واٹر پالیسی،بزرگ شہریوں کے لئے مراعات، گیس پیداکرنے والے علاقوں کو گیس کی فراہمی جیسے معاملات شامل ہیں، اجلاس میں کراچی کو ’’کے فور‘‘ منصوبے کے تحت 1200 کیوسک اضافی پانی مختص کرنے منظوری دیئے جانے کا قوی امکان ہے، اجلاس میں نئی قومی پانی پالیسی میں ملک میں پانی کی تقسیم سمیت 2025 تک کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔
مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس کے دوران وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ ایل این جی پالیسی کی منظوری اور صوبوں میں گیس کی فراہمی کا معاملہ بھی اٹھائیں گے اور اپنا اصولی موقف پیش کریں گے۔
واضح رہے کہ آئین کے تحت مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس ہر 90 روز میں ہونا ضروری ہے لیکن یہ اجلاس 5 ماہ کے بعد ہوا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں