فواد چودھری سینئر صحافی عمر چیمہ سے بدزبانی پر معافی مانگیں. آر آئی یو جے

راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (آر آئی یو جے) نے پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چوہدری کی طرف سے سینئر صحافی اور تحقیقاتی رپورٹر عمر چیمہ کے ساتھ اب تک ٹی وی کے ٹاک شو میں بدزبانی اور بداخلاقی کا نوٹس لیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ فواد چوہدری اپنی غیر ذمہ دارانہ اور اخلاق سے گری ہوئی گفتگو پر عمر چیمہ سے معذرت کریں بصورت دیگر ان کے نیشنل پریس کلب میں داخلے پر پابندی اور میڈیا ٹاک کے بائیکاٹ کا اعلان بھی کیا جا سکتا ہے۔ نیشنل پریس کلب کے صدر شکیل انجم، سیکرٹری عمران یعقوب ڈھلوں، آر آئی یو جے کے قائم مقام صدر ناصر ہاشمی، جنرل سیکرٹری علی رضا علوی نے مشترکہ بیان میں کہا کہ فواد چوہدری نے اپنی غیر ذمہ دارانہ گفتگو کے دوران پوری صحافتی برادری کی توہین کی ہے جس سے صحافتی برادری کی دل آزاری ہوئی ہے اس لئے ہم پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فواد چوہدری کی اس ناشائستہ زبان کا نوٹس لیں جبکہ فواد چوہدری 24 گھنٹوں کے اندر عمر چیمہ اور صحافتی برادری سے معافی مانگیں بصورت دیگر آر آئی یو جے اور این پی سی فواد چوہدری کے خلاف چارہ جوئی کے حوالے سے حکمت عملی وضع کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں