عمران خان کا پریڈ گراونڈ اسلام آبا د میں بڑا سیاسی شو،کہتے ہیں شریف برادران ثابت کریں کہ کبھی کسی کو رشوت نہیں دی.

چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ 10 ارب روپے کی پیشکش کرنے والے کا نام نہیں بتا رہا کیوں کہ شریف برادران انتقامی کارروائی کرکے اس کا کاروبار بند کردیں گے البتہ عدالت میں وہ نام ضرور بتاؤں گا اور اس شخص کو تحفظ دینے کا بھی کہوں گا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے 10 ارب کی پیشکش پر امادہ کرنے پر آفر لانے والے کو بھی 2 ارب ملنے تھے.

اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے حکومت پر ایک بار پھر لفظی گولہ باری کی اور وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے پتہ ہے کہ آپ لوگ سیاست دان نہیں بلکہ مافیا ہیں اگر میں نے 10 ارب روپے کی پیشکش لانے والے کا نام بتا دیا تو اسے انتقامی کارروائی کا نشانہ بنا کر اس کا کاروبار بند کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت انہیں عدالت میں لے کر گئی تو وہاں 10 ارب کی پیشکش کرنے والے کا نام بتائیں گے اور عدالت سے درخواست بھی کریں گے کہ اسے تحفظ فراہم کیا جائے کیوں کہ یہ لوگ اسے نہیں چھوڑیں گے جب کہ عدالت کو یہ بھی بتائیں گے کہ دبئی میں شریف برادران کا کون شخص بیٹھا ہے جس سے آپ کے اور رشتے دار بھی پھنس جائیں گے۔


عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام کے سامنے ایک آفر دیتا ہوں کہ شریف برادران قرآن شریف پر ہاتھ رکھ کر بولیں کہ ہم نے کسی کو رشوت نہیں دی اور اگر ایسا کرلیا تو میں مان جاؤں گا، لیکن مجھے ڈر ہے یہ ہاتھ رکھ بھی لیں گے اور پھر میں 10 ارب روپے کا ہرجانہ کیسے دوں گا، اس کے لیے مجھے شریف برادارن کے ارب پتی بیٹوں سے قرضہ لینا ہوگا البتہ مریم نواز سے نہیں مانگوں گا کیوں کہ ان کے پاس کچھ نہیں ہے۔
عمران خان کہتے ہیں کہ پاکستانی باہرممالک کے جیلوں میں پڑےہیں کوئی پوچھنے والا نہیں،ہماری حکومت اپنے شہریوں کی عزت نہیں کرتی، جب حکومت قوم کی عزت نہیں کرتی تو دنیا بھی عزت نہیں کرتی، میں بھی جب امریکا گیا تھا توایئرپورٹ پر4گھنٹےمجھے بٹھایا گیا.


انہوں نے کہا کہ میاں صاحب اپنی ہی فوج کو بدنام کرتے ہیں جب کہ وزیراعظم نوازشریف نے بھارتی صنعتکار جندال کے ذریعے باہر پیغام بھجوایا کہ وہ دوستی چاہتے ہیں مگر فوج نہیں چاہتی اور ڈان لیکس کے ذریعے بھی یہ تاثر دینے کی کوشش کی مگر مودی ہرموقع پر پاکستان کے خلاف مہم چلارہا ہے۔ کشمیر کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ کشمیری مسلمان نہ ہوتے تو پوری دنیا بھارت کے پیچھے پڑجاتی لیکن میں ہر فورم پر کشمیریوں کے حق کے لیے آواز بلند کرتا رہوں گا۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ قوم میٹرواورپل بنانے سے نہیں بنتیں،کرپٹ آدمی کو سربراہ بنادیں تو یہ ایسا ہے کہ بلی کو دودھ کی حفاظت کے لیے بیٹھا دیں،قومیں جھوٹ سے نہیں، کردار سے بنتی ہیں، دوججوں نے کہا کہ نوازشریف صادق اورامین نہیں، پانچوں ججوں نے کہا کہ نوازشریف جھوٹا ہے،عدالتی فیصلے کے بعد موٹو گینگ میٹھائیاں بانٹ رہا تھا، سوچاجب یہ گھر جائیں گے تو ان کے بچے ان سے پوچھیں گے کہ مٹھائیاں کس لیے بانٹ رہے ہیں؟

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں