عمران خان بگڑے ہوئے نوجوانوں کی فوج تیار کرنا چاہتے ہیں.رانا ثناءاللہ

وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان خود بھی گمراہ ہیں اور لوگوں کو گمراہ کرنے کی فورس تیار کرنا چاہتے ہیں۔
پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئےرانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ آزادی اظہار مادر پدر آزاد نہیں قانون کے دائرہ کار میں آتی ہے، مادر پدر آزاد تبصرہ اور تنقید نہیں کی جا سکتی آزادی اظہار کی آڑ میں اس قسم کی گمراہی نقصان دہ ہے سوشل میڈیا پر کھلی آزادی دی جائے تو ’’را‘‘ اور ہم میں کیافرق رہ جائے گا لیکن عمران خان خود بھی گمراہی کا شکار ہیں اور لوگوں کو گمراہ کرنے کے لئے فورس اور سوشل میڈیا سے متعلق بگڑے ہوئے نوجوانوں کا گروہ بنانا چاہتے ہیں۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ سےمتعلق عمران خان کا مطالبہ غلط ہے وہ اپنے خلاف کیس میں عدالت نہیں جاتے اور خارجہ امور اور ریاستی معاملات پر ذاتی بغض کا اظہار کرتے رہتے ہیں، ہمیں ان کی باتوں کاخمیازہ آئندہ 10 سے 15 سال بعد بھگتنا پڑے گا۔
وزیرقانون نے کہا کہ اورنج لائن ٹرین منصوبے کو لوگ خوامخواہ الجھانے کی کوشش کررہے ہیں میٹرو بس پر سفر کرنے والے عام آدمی کو سبسڈی دی جا رہی ہے، اورنج لائن ٹرین منصوبےکے لیے آئندہ بجٹ میں 100 ارب روپے رکھے جا رہے ہیں اور یہ رقم چین سے آسان قرضے کی صورت میں ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ چودھری پرویزالٰہی میں سمجھ بوجھ ہوتی توانتخابات میں انہیں شکست نہ ہوتی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں