شہبازشریف 17 جون کو جے آئی ٹی میں طلب

اسلام آباد: پاناما پیپرز کیس میں جے آئی ٹی نے وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کو ہفتے کوطلب کرلیا۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کو جے آئی ٹی کی جانب سے سمن بھجوائے گئے ہیں جن میں انکو 17 جون صبح11 بجے مطلوبہ دستاویزات کیساتھ پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ادھر وزیراعظم کل (جمعرات کو) پاناما کیس میں جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونگے۔
اس مقصد کیلیے سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیدی گئی، عمارت کی چاردیواری کو ہنگامی بنیادوں پر اونچا کیا جا رہا ہے جبکہ حفاظتی تار بھی لگائے جا رہے ہیں۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی آمد سے قبل علاقہ سیل کرکے جیمرز نصب کئے جائیں گے۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے 3 حصار ہوں گے، اکیڈمی کے اندر ایلیٹ فورسز کے جوانوں کو تعینات کیا جائے گا جبکہ بیرونی سیکیورٹی کی ذمے داری رینجرز اور دیگر اداروں پر ہوگی، جوڈیشل اکیڈمی سے متصل آئی ایٹ پارک کو بھی بند کردیا جائے گا۔ وزیراعظم جب تک جوڈیشل اکیڈمی میں موجود رہیں گے اس وقت تک ملازمین اپنے دفتر سے باہر نہیں نکل سکیں گے۔
وزیر اعظم نے لیگی کارکنان کو جوڈیشل اکیڈمی آنے سے روک دیا، ادھر سی ڈی اے انتظامیہ نے جوڈیشل اکیڈمی کے اطراف سڑکوں کی مرمت اور رنگ وروغن کا کام شروع کردیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں