دنیا کی سب سے بڑی ایکسرے لیزر

ہیمبرگ: دنیا کی سب سے بڑی ایکس رے لیزر تنصیب کا افتتاح کر دیا گیا ہے جو ایٹمی سطح پر موجود ساختوں اور ہونے والے عمل کی تصویر کشی کر سکتی ہے۔
جرمنی کے شہر ہیمبرگ میں واقع اس لیزر تنصیب کو ڈی ای ایس وائے یا ڈیسی کا نام دیا گیا ہے اور اس کا سوئچ آن کرنے کے بعد اسے یورپ میں سائنسی تحقیق اور ترقی کے ایک نئے دور سے تعبیر کیا جا رہا ہے۔
آپریٹرز کے مطابق پہلی لیزر شعاع صرف ایک سیکنڈ تک قائم رہی جب کہ اس سال ستمبر تک ایک سیکنڈ میں یہ 27 ہزار مرتبہ شعاعیں خارج کرنے کے قابل ہوجائے گی اور اسی ماہ لیبارٹری کو باقاعدہ طور کھول دیا جائے گا۔ ڈیسی لیبارٹری یورپی ایکس ایف ای ایل پروجیکٹ کا حصہ ہے جس کے تحت نئی دواؤں کی مالیکیولر اشکال اور کیمیائی ری ایکشن کو عین اسی وقت ہوتے ہوئے دیکھا جا سکے گا۔ اس بین الاقوامی پروجیکٹ میں جرمنی، فرانس، اٹلی، پولینڈ، روس، اسپین، سویڈن اور سوئزرلینڈ کے ماہرین نے حصہ لیا ہے اور ان ممالک نے باقاعدہ تعاون کیا ہے۔
ایکس رے لیزر کے ذریعے تحقیق کے ایسے گوشوں تک رسائی ہو سکے گی جو اس سے قبل ممکن نہ تھے۔ اس کے ذریعے ماہرین وائرس کی ایٹمی تفصیلات، خلیات کی سالماتی ساخت اور نینو اشیا کی سہ جہتی تصاویر بھی حاصل کر سکیں گے ۔ اس کے علاوہ مختلف کیمیائی عوامل کی فلمبندی بھی کی جا سکے گی۔

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں