درباری جے آئی ٹی پر حملے کرنے سے باز رہیں. صمصام بخاری

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء سید صمصام علی بخاری نے کہاہے کہ وزیراعظم کا جے آئی ٹی میں پیشی کے بعد پہلے سے لکھی تقریرکرکے اپنے آپکوعوام کے سامنے معصوم ظاہر کرنے کی ناکام کوشش تھی، وزیراعظم کے درباری جے آئی ٹی پر حملے کر کے اسے بدنام کرنے کی کوشش کرنے سے بازرہیں، سپریم کورٹ کی جے آئی ٹی کی رپورٹ کے بعد ملک میں حقیقی تبدیلی کاعمل شروع ہوگا، ان خیالات کااظہار انہوں نے حلقے کے دورے کے موقع پر کیا، سید صمصام علی بخاری نے کہاکہ سب سے بڑی لعنت کرپشن ہے جو ملکی ترقی میں رکاوٹ ہے جب تک ملک سے کرپٹ عناصر کاکڑااحتساب نہیں ہوجاتا اور ان سے لوٹی ہوئی ملکی دولت واپس نہیں آجاتی اس وقت تک ملکی معیشت کاپہیہ نہیں چل سکتا اور ملک سے غربت کاخاتمہ خواب ہی رہے گا، انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی کرپشن کے خلاف 21 سالہ جدوجہد جلد رنگ لانے والی ہے اور کرپشن کے کینسر سے عوام کی جان چھوٹنے والی ہے ، سید صمصام علی بخاری نے کہاکہ وزیراعظم اپنے درباریوں کوکنٹرول کریں اور جے آئی ٹی کے خلاف زہراگلنابند کریں ، اب وقت آگیاہے کہ وزیراعظم سمیت انکے حواریوں کا احتساب ہوگا، انہوں نے کہاکہ ملکی دولت لوٹنے والوں کے لئے پاک زمین تنگ پڑجائے گی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں