حسین نواز کی تصویر لیک ہونا تفتیشی عمل پر سوالیہ نشان ہے. خواجہ سعد رفیق

لاہور: وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ حسین نواز کی دوران تفتیش تصویر شریف خاندان اور مسلم لیگ ن کی تضحیک کے لئے جاری کی گئی ہے۔
وفاقی وزیربرائے ریلوے خواجہ سعد رفیق نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ جے آئی ٹی کے تفتیشی عمل کی اندرونی تصویر کی اشاعت سنگین اور افسوسناک ہے، تحقیقاتی کمرے سے حسین نواز کی تصویر کا اجرا تفتیشی عمل کی شفافیت پر ایک اور سوالیہ نشان ہے جب کہ حسین نواز کی دوران تفتیش تصویر شریف خاندان اور مسلم لیگ ن کی تضحیک کے لئے جاری کی گئی۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ بتایا جائے کہ جے آئی ٹی میں بلائے جانے والوں کے بارے میں توہین آمیز اندرونی باتیں میڈیا کو لیک کرنے والے ذرائع کون ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جے آئی ٹی کی اندرونی کارروائی اور تصویر شیئر کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیا جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزوزیراعظم کے صاحبزادے حسین نواز کی جے آئی ٹی میں پیشی کی تصویر سوشل میڈیا پر لیک ہونے سے سیاسی میدان میں کھلبلی مچ گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں