جے آئی ٹی ہے یا جیمز بونڈ کی سنسنی خیز مووی. آصف کرمانی

مسلم لیگ ن کے رہنما آصف کرمانی کا کہنا ہے کہ ہمیں جوڈیشل اکیڈمی میں جانے کی اجازت نہیں یہاں کا تمام انتظام جے آئی ٹی کے زیر انتظام ہے۔
فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آصف کرمانی نے کہا کہ کچھ روز پہلے حسین نواز آئے تو ایک ایمبولینس اندر گئی، جس کے بعد ہم سب ہی مضطرب تھے۔ یہ جے آئی ٹی ہے یا جیمز بونڈ کی سنسنی خیز مووی ؟
ان کا کہنا تھا کہ یہاں چڑی بھی پر نہیں مار سکتی، ایسے میں ایک تصویر لیک کردی جائے آخر اس کا مقصد کیا ہے؟
آصف کرمانی کا کہنا تھا کہ میری معلومات کے مطابق حسین نواز کی تصویر انٹیروگیشن روم کی تھی، عدالت عظمیٰ تحقیق کرے کہ انٹیروگیشن روم کی تصویر کیسے لیک ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ الحمد للہ ہمارے ہاتھ صاف ہیں، ہم اللہ پر یقین رکھتے ہیں، ہم اداروں کا احترام کرتے ہیں، تمام ادارے بھی آپس میں احترام رکھیں۔
رہنما ن لیگ نے بتایا کہ پی ٹی آئی میں شامل ہونے والوں کو 2013 میں عوام نے مسترد کردیا تھا، چینل پر بیٹھے کچھ لوگوں کی خواہش ہوسکتی ہے کہ تصادم ہو۔ ہم اداروں پر اعتماد اور یقین رکھنے والے ہیں ایسا کچھ نہیں ہوگا تاہم خدشات اور تحفظات ہم نے پہلے ہی سامنے رکھ دیے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں