بد قسمتی سے ہمارے ملک کے وزیراعظم اپنی جند جان جندال اور مودی کے ساتھ کھڑے ہیں.چوہدری پرویز الٰہی

مسلم لیگ (ق ) کے سینئر رہنما چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی سوچ پاکستانی نہیں رہی،پاناما کیس میں ان کا سارا خاندان ہی قابو آگیا ہے۔
شیخوپورہ میں ق لیگ کے ورکرز کنونشن سے خطاب میں پرویز الٰہی نے کہا کہ قوم پاناما کیس کی تحقیقات ایسے ہی ختم نہیں ہونے دے گی ۔

ان کا مزید کہناتھاکہ کلبھوشن پاکستان کی سلامتی کے خلاف کام کر رہا تھا،نواز شریف اقوام متحدہ میں بھارتی جاسوس پر ایک لفظ نہیں بولے، بدقسمتی ہے کہ ہمارے ملک کے وزیراعظم اپنی جند جان جندال اور مودی کے ساتھ کھڑے ہیں۔

پرویز الٰہی نے الزام لگایا کہ حکمرانوں کی سوچ پاکستانی نہیں رہی،مودی نے نوازشریف کو اپنا وکیل کرلیا ہے، شہباز شریف سارے پنجاب کا 62 فیصد لاہور پر لگا رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکمران بجلی بنانے جاتے ہیں لیکن ڈالر بنا کر آ جاتے ہیں، یہ ہر پانچ منٹ بعد جھوٹ بولتے ہیں۔

چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ عوام انہیں ووٹ دیں وہ کالا باغ ڈیم کو پاکستان ڈیم بنا کر تعمیر کریں گے، کسانوں کو ٹیوب ویل کے لیے مفت بجلی دی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں