ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے ایک شہری شہید

راولپنڈی: لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج نے شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 26 سالہ شہری نعمان شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی پر ڈنہ، ڈھڈنیال، جوڑا، لیپاکی سیکٹرز میں شہری آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارتی فوج نے شاردہ اور شاہ کوٹ سیکٹر میں شہری آبادی کو بھی نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 26 سالہ شہری نعمان شہید اور خواتین و بچوں سمیت 9 شہری زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے شہریوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک فوج کی جانب سے بھارتی فائرنگ کا مؤثر جواب دیا گیا اور فائرنگ کرنے والی بھارتی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا گیا جس سے کئی چوکیوں کو نقصان پہنچا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں 3 بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔

یاد رہے کہ گزشتہ کئی روز سے بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیزفائر کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے اور بھارتی فوج شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ کررہی ہے۔

کئی روز سے جاری بلااشتعال فائرنگ میں فوجی جوان منظور عباسی سمیت 3 افراد شہید ہوچکے ہیں جن میں 12 سالہ بچہ اور خاتون چاند بی بی شامل ہیں۔

پاکستان نے 24 جولائی کو لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی اور بلااشتعال فائرنگ پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاج بھی کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں