ایشیاء کپ ہاکی میں آج پاک بھارت ٹاکرا ہوگا

ایشیاء کپ ہاکی ٹورنامنٹ کا اہم اور سنسنی خیز میچ کل پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔
پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں اب تک ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست ہیں جبکہ بھارت، جاپان اور بنگلادیش کو شکست دے کر پہلے ہی فائنل فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کرچکا ہے۔
ادھر پاکستان ٹیم جاپان کے خلاف میچ برابر کرنے کی وجہ سے فائنل فور میں جگہ نہ بنا سکی لیکن بھارت کے خلاف میچ جیت کر پاکستان فائنل راونڈ میں پہنچ سکتا ہے۔
پاکستان کو اگر میچ میں شکست ہوئی تو اس صورت میں اسے جاپان اور بنگلادیش کے میچ کے نتیجے کا انتظار کرنا ہوگا
جاپان ایک پوائنٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے اگر اس نے کل بنگلہ دیش کو سات سے آٹھ گول کے بڑے مارجن سے شکست دے دی اور پاکستان بھارت سے ہار گیا تو فائنل فور میں بھارت اور جاپان کی ٹیمیں پہنچ جائیں گی۔
دوسری صورت میں پاکستان بھارت سے ہار گیا اور جاپان بھی بنگلادیش کو بڑے مارجن سے شکست نہ دے سکی تو پاکستان بہتر گول اوسط کی بنیاد پر فائنل فور میں پہنچ جائے گا،تو یوں پاکستان کے فائنل فور میں پہنچنے کے امکان زیادہ روشن ہیں۔
بھارت نے تین ماہ پہلے ورلڈ ہاکی لیگ میں پاکستان ٹیم کو دو بار شکست سے دوچار کیا تھا لیکن اس بار ٹیم کی قیادت تجربہ کار محمد عرفان کو دی ہے اور سینئر کھلاڑیوں کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے اسی لئے اس ٹیم کو مضبوط تصور کیا جارہا ہے۔
ٹورنامنٹ میں پاکستان نے اب تک 2 میچ کھیلے جس میں جاپان کے ساتھ ہونے والا میچ دو، دو گول سے برابر رہا جبکہ بنگلہ دیش کو انہوں نے 7گول سے شکست دی۔
ایشیاء کپ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 6بار آمنے سامنے آئیں جس میں پاکستان 5بار اور بھارت صرف ایک بار کامیاب رہا ہے۔
مجموعی طور پر دونوں ٹیموں کے درمیان 170 میچ ہوچکے ہیں جس میں بھارت 57 اور پاکستان 82 میچز میں کامیاب رہا ہے جب کہ 31 میچز ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوئے ہیں۔
ایشیا کپ میں پاکستان بھارت کے خلاف اب تک 18 اور بھارت پاکستان کے خلاف صرف 10گول کرسکا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں