انڈیا اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹرین سروس 50 سال بعد بحال

انڈیا اور بنگلہ دیش کے درمیان مسافر ٹرین سروس تقریباً 50 سال کے بعد دوبارہ شروع کر دی گئی ہے جو اس وقت چلتی تھی جب بنگلہ دیش پاکستان کا حصہ تھا۔ انڈیا کے شہر کولکتہ سے بنگلہ دیش کے شہر کھلنا کے درمیان چلنے والی فرینڈشپ ایکسپریس ٹرین کی آزمائشی سروس کا افتتاح بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے دورۂ انڈیا کے دوران دہلی میں کیا ہے۔ خیال رہے کہ بنگلہ دیشی دارالحکومت ڈھاکہ اور کولکتہ کے درمیان پہلی فرینڈشپ ایکسپریس کا آغاز تو سنہ 2008 میں کیا گیا تھا تاہم سنہ 1947 میں تقسیم ہونے والے بنگال کے اس خطے میں بہتر ریل رابطے قائم کرنے کے مطالبات سامنے آئے تھے۔ ٹرین سروس کے علاوہ نئی بس سروس بھی متعارف کروائی جا رہی ہے۔ بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ جمعے کو انڈیا کے چار روزہ دورے پر نئی دہلی پہنچی تھیں۔ خیال رہے کہ انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی کے سنہ 2014 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد شیخ حیسنہ کا انڈیا کا یہ پہلا دورہ ہےوزیراعظم کے دورۂ انڈیا کے دوران دونوں ممالک کے مابین 21 معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں جس میں 50 کروڑ ڈالر پر مشتمل دفاعی معاہدہ بھی شامل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں