افغانستان جرمن ایمبیسی کے قریب دھماکہ،50 سے زائد افراد ہلاک

کابل: افغان دارالحکومت کابل میں غیر ملکی سفارت خانوں کے علاقے میں دھماکے کے نتیجے میں 50 افراد ہلاک جب کہ 150 سے زائد زکمی ہوگئے ہیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یہ ایک کار بم دھماکا تھا جو کابل کے علاقے وزیر اکبر خان کے نزدیک اس مقام پر ہوا جہاں متعدد غیر ملکی سفارت خانے موجود ہیں جبکہ کابل صدارتی محل بھی قریب ہی واقع ہے۔
جرمن سفارت خانے کے قریب ہونے والے اس بم دھماکے میں اب تک مرنے اور زخمی ہونے والوں کے بارے میں متضاد اطلاعات مل رہی ہیں لیکن مختلف خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق دھماکا بہت ہی شدید تھا جس کی آواز بہت دور تک سنی گئی جبکہ سفارت خانوں سے لے کر اس جگہ سے سیکڑوں میٹر فاصلے پر مکانات تک کے شیشے ٹوٹ گئے۔
افغان پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے اس علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں جبکہ اس بارے میں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تصاویر میں دھماکے والے مقام پر دھویں کے سیاہ بادل دکھائی دے رہے ہیں۔
افغان وزارتِ صحت نے اب تک 6 ہلاکتوں اور 90 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی ہے جبکہ فی الحال کسی دہشت گرد گروپ نے اس بم دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں